الیکشن کمیشن کا این اے 75 ڈسکہ انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کا آغاز

Published On 09 November,2021 12:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این اے 75 ڈسکہ انکوائری رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کا آغاز ہوگیا۔ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب عابد حسین کو او ایس ڈی بنا دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے اسٹیبلشمنٹ ونگ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے ماطبق صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب میں ڈپٹی ڈائریکٹر اطہر عباسی کو او ایس ڈی بنا دیا گیا جبکہ عابد حسین اور اطہر عباسی کو مرکزی سیکرٹریٹ رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔ دونوں افسران ڈسکہ انکوائری رپورٹ میں انتظامی کوتاہی کے مرتکب قرار پائے تھے۔

یاد رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی انکوائری رپورٹ سامنے آنے کے بعد ذمہ داران کے خلاف محکمانہ اور فوجداری کارروائی کا فیصلہ کیا جبکہ انکوائری رپورٹس میں ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کے لیے کمیٹی قائم کی گئی اور کمیٹی سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں قائم کی گئی۔  

Advertisement