اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل شفاف جمہوریت سے جڑا ہے، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، اس قانون سازی میں میرے کوئی ذاتی مقاصد نہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اہم قانون سازی پر بات چیت جبکہ اپوزیشن کے ممکنہ احتجاج سے نمٹنے پر بھی مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں آج پیش ہونے والے بلز کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔
اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات کی بنیاد رکھنے میں آپ کا کردار ہوگا، سمندر پار پاکستانی اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیئے، ارکان پارلیمنٹ کے مسائل سے آگاہ ہوں، انشاء اللہ جلد سب کی شکایتیں دور ہونگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ 1970 کے بعد تمام انتخابات پر اعتراض کئے گئے، چاہتے ہیں ایسا نظام بنائیں کہ تمام جماعتیں امیدوار نتائج کو تسلیم کریں، انتخابی اصلاحات ذات یا پارٹی کے لئے نہیں ملک اور جمہوریت کے لئے ہے، ای وی ایم اور اورسیز ووٹرز کو حق دینے سے جمہوریت مضبوط ہوگی، نمبرز پورے ہیں، کامیابی ہمیں ملے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ارکان ایوان میں حاضری یقینی بنائیں۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی ہر چیز کیلئے تیار ہوتا ہے، میدان میں اترنے والا مخالف سے بہتر پرفارمنس کا سوچتا ہے۔