لاہور: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آباد سکھ برادری کو گرونانک کے یومِ پیدائش کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گرونانک کے یوم پیدائش پر دنیا بھر سے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بابا گرونانک کے 552 ویں یومِ پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان سکھ یاتریوں کا دوسرا گھر ہے، گرونانک نے بھائی چارے اور انسانیت دوستی کا پیغام دیا، دنیا بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی جتنی آج ضرورت ہے، وہ پہلے نہیں تھی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 1973ء کا آئین پاکستان میں آباد تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے، 1973ء کا آئین شہید بھٹو کے سیاسی تدبر کا عکاس ہے، آج پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔