اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نےکہا ہے کہ اپوزیشن اداروں کیخلاف مہم چلانا بند کرے، جب بھی نواز شریف یا مریم نواز کے مقدمات عدالتوں میں چلنا شروع ہوتے ہیں تو کوئی لیک سامنے آ جاتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمان کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپوزیشن فوج اور عدلیہ کے خلاف مہم چلانا بند کرے، جب بھی نواز شریف یا مریم نواز کے مقدمات عدالتوں میں چلنا شروع ہوتے ہیں تو کوئی لیک سامنے آ جاتی ہے یا ویڈیو، نہیں آتی تو رسیدیں سامنے نہیں آتیں جن کا پوری قوم کو انتظار ہے۔ عدالتوں نے انہیں کئی مواقع دیئے، ثبوت ہوتے تو یہ پیش کرتے۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری کی کرپشن کا بچے بچے کو پتہ ہے، آئین پاکستان میں دونوں اداروں کو تحفظ حاصل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پانامہ سکینڈل میں دنیا کے بدترین حکمرانوں کے نام آئے، نواز شریف کا نام بھی ان میں شامل تھا۔ شریف خاندان نے لندن اپارٹمنٹس کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا، لندن میں ان کے 4 اپارٹمنٹس موجود ہیں جہاں شاید برطانیہ کا وزیراعظم بھی اپارٹمنٹس نہ خرید سکے، مریم نواز نے اس وقت کہا تھا کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، انہوں نے کیلبری فونٹ کی جعلی دستاویزات پیش کیں۔ ان فلیٹوں کی تحقیقات میں یہ پارلیمان، سپریم کورٹ، عوام، میڈیا، ٹرائل کورٹ میں ایک درست ثبوت بھی نہیں پیش کر سکے، عدالتوں نے انہیں کئی مواقع دیئے لیکن ان کے پاس ثبوت ہوتے تو یہ پیش کرتے، اسی دوران عمران خان نے 40 سال پرانی رسیدیں عدالت میں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے سیکشن 9 میں درج ہے کہ اگر کوئی اپنی جائیداد ثابت نہ کر سکے تو یہ کرپٹ پریکٹس ہے۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری کی کرپشن کا بچے بچے کو پتہ ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے حوالے سے قانون موجود ہے، الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے شفاف انتخابات کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ پارلیمان نے ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دینے کے حوالے سے بل بھی منظور کرلئے ہیں۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو پاسپورٹ بنانے سے متعلق معاملات کو آسان بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کے حوالے سے مسائل پیش نہ آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام منظور ہو گیا ہے، پاکستانی معیشت کو استحکام ملا ہے، اچھی خبریں بھی آ رہی ہیں،
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن عدلیہ اور فوج کے خلاف مہم بند کرے، ہمارے آئین میں ان دونوں اداروں کو تحفظ اور احترام حاصل ہے، اپوزیشن اپنے سوشل میڈیا اور کبھی اپنے لیڈران کے ذریعے دونوں اداروں کو نشانے پر رکھے ہوئے ہے جو غیر مناسب ہے۔