کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے بعد حکومتی نااہلی سے ملک میں افراتفری پھیل چکی ہے، امورِ زندگی کو ٹھپ کرکے وزیراعظم عمران خان نے ہر پاکستانی کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے۔
ملک بھر میں پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی طرف سے ہڑتال کے اعلان کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کے مطالبات کے معاملے میں نااہلی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں آج پورا ملک پریشان ہے، ملک بھر میں بیشتر پیٹرول پمپس بند ہیں، اکثر پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں، کاروباری امور متاثر ہیں، یہ حکومت کی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم ڈیلرز کے معاملے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج ملک میں افراتفری پھیل چکی ہے، امورِ زندگی کو ٹھپ کرکے وزیراعظم عمران خان نے ہر پاکستانی کی زندگی کو اجیرن کردیا ہے، پی ٹی آئی حکومت حل ہونے والے مسائل کو بھی اپنی نااہلی سے بحران بنادیتی ہے، عوام پہلے ہی ملکی تاریخ کا مہنگا ترین پٹرول خرید رہے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اگلا اضافہ تباہ کن ہوگا۔
بلاول کا کہنا تھا کہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ مہنگی بجلی اور قلت کے ساتھ مہنگا پیٹرول اور گیس پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کے تحفے ہیں، پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی بجٹ کو ناکام کہا، آج بجٹ کے ثمرات سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان ایک نااہل حکمران ہیں۔