پشاور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی جانب سے پشاور میں جلسے کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چیئر مین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں پر جرمانہ کردیا۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 30 نمبر کو پشاور میں یوم تاسیس منایا تھا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے لئے بنائے گئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو 50 ہزار جرمانہ کردیا۔
الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، سید خورشید شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، نثار کھوڑو اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل پر بھی فی کس 50 ہزار روپے جرمانہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ نگہت اورکزئی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تنبیہ کی گئی ہے۔ نتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی دوبارہ خلاف ورزی پر کیس الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔