کوئٹہ: (دنیا نیوز) دہشت گردوں نے بلوچستان کے عبدوئی سیکٹر میں پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک ظہیر احمد شہید ہو گئے، دہشت گردوں کو جوابی کارروائی میں شدید نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروہ نے بلوچستان کے عبدوئی سیکٹر میں پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران نوشکئی سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک ظہیر احمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی فرار ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف جوابی کارروائی میں انہیں شدید نقصان پہنچا، آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دشمن عناصر کی ایسی کارروائیوں کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں، دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو متاثر کرنا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، گذشتہ روز کوہلو کاہان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ نامعلوم دہشت گردوں نے بارودی سرنگ پہاڑی علاقےمیں نصب کر رکھی تھی جس کی زد میں موٹر سائیکل آنے پر زوردار دھماکہ ہوا۔