پاکستان کیساتھ سفارتی تعاون کیلئے پر عزم ہیں،امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان

Published On 20 December,2021 06:19 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ ملاقات میں امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہرسطح پرسفارتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز(جی ایچ کیو) میں ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا جبکہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے غیرمعمولی اجلاس میں شرکت پر امریکی نمائندہ خصوصی سے اظہار تشکرکیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ افغانستان کو انسانی تباہی سے بچانے کے لیے عالمی کاوشیں ناگزیر ہیں، دنیا اور خطہ ایک غیر مستحکم افغانستان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ملاقات میں امریکی نمائندےنےافغانستان سےمتعلق پاکستان کے کردار،پاک افغان بارڈرمینجمنٹ سےمتعلق پاکستان کی کاوشوں کی بھی تعریف کی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات میں تھامس ویسٹ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہرسطح پرسفارتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں ،پاک افغان بارڈر پر کئے جانے والے خصوصی اقدامات اوراو آئی سی اجلاس کےانعقادکیلئےپاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
 

Advertisement