اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے پی ٹی آئی حکومت بے نقاب ہوچکی، دوسروں کو چور کہنے والا آج خود انٹرنیشنل چور نکلا، عمران خان دنیا کے کرپٹ ترین حکمران بن چکے، پاکستان میں کرپشن اور مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی، حکومتی کرپشن کی وجہ سے ہی عوام تکلیف میں ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے مریم اورنگزیب کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں آفس میں بیٹھ کر تماشے دیکھتا ہوں، آپ حکمران ہیں، تماشے نہ دیکھیں، کارروائی کریں، آپ کا کام مہنگائی اور کرپشن ختم کرنا ہے، دھمکی پاکستان کےعوام کو دی جا رہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کرپشن اور مہنگائی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، صادق اور امین سب سے زیادہ کرپٹ نکلے، کرپشن میں اضافے کے بہت سے پہلو ہیں، پاکستان میں پی ٹی آئی کی 3 حکومتیں ہیں، ملک میں ان 3 حکومتوں کی وجہ سے کرپشن ہے، ملک میں مہنگائی کرپشن کی وجہ سے ہے، حکومتی کرپشن نے 152 ویں پوزیشن حاصل کی، جب حکومت چھوڑی تو پاکستان 117 ویں نمبر پر تھا، ایک سال میں ہم 140 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔