راولپنڈی: (دنیا نیوز) نوشگی اور پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں 13 دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے 7 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ رات پنجگور اور نوشکی میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، جس پر سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کیخلاف کلیئرنس آپریشن کیا، نوشکی میں آپریشن کے نتیجے میں 9 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پنجگور آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، 4 سے 5 دہشتگردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے ایک افسر اور 6 جوان شہید ہوگئے۔
دہشتگردوں سے برآمد اسلحہ اور سامان امریکی ساختہ ہے۔ دہشتگرد افغانستان اور بھارت میں اپنے ہینڈلر سے رابطے میں تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگرد حملے ناکام بنانے پر اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں، سکیورٹی فورسز نے پنجگور، نوشکی، بلوچستان میں دہشتگرد حملے ناکام بنائے، قوم ہماری حفاظت کرنے اور قربانیاں دینے والی سکیورٹی فورسز کیساتھ ہے۔
We salute our brave security forces who repulsed terrorist attacks against security forces camps in Panjgur & Naushki, Balochistan. The nation stands united behind our security forces who continue to give great sacrifices to protect us.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 3, 2022
ادھر وزیر داخلہ شیخ رشید نے پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے حملے کو پسپا کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہماری سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، ہماری فورسز دہشتگردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔