لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔
صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ کا بھی وزیراعظم عمران خان کو گھبرانا نہیں ہے کا پیغام ہے؟ جس پر پرویز الہی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔ ہانڈی میں سامان چلا گیا، دھواں اٹھنے کے بعد پہلا ابالا آتا ہے۔ پہلا ابالا آ جائے پھر آپ کو بتائیں گے۔
کیا تحریک عدم اعتماد میں سے کچھ نکلے گا؟ کے سوال پر جواب دیتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے کچھ تو نکلے گا، اگلے 48 گھنٹوں سے متعلق مولانا فضل الرحمن ہی بتا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی، وزیراعظم نے مہنگائی کی روک تھام کے لیے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں، پٹرول کی قیمت میں کمی سے بہت فائدہ ہو گا، بجلی کی قیمتیں بھی نیچے آئی ہیں۔