کوئٹہ: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کااعلان کر دیا، کوئٹہ اور ضلع لسبیلہ کے علاوہ صوبے بھر کے دیگر اضلاع میں 29 مئی کو شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات ہونگے۔
صوبائی دارلحکومت کوئٹہ اور لسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ اور لسبیلہ میں دوبارہ حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔
صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، کاغذات نامزدگی سے متعلق تمام تر شیڈول بھی جلد جاری کیا جائے گا، بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران سکیورٹی کے بھی انتظامات سخت کئے جائیں گے۔
بلدیاتی انتخابات کے لئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اپنے اپنے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔