اسلام آباد:(دنیا نیوز) عمران خان کا بطور وزیراعظم عہدہ ختم ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نگران وزیراعظم کے تقرر تک کام کرتے رہیں گے، 52 رکنی کابینہ بھی تحلیل کر دی گئی۔
کابینہ ڈویژن نے عمران خان کو بطور وزیراعظم ڈی نوٹیفائی کر دیا جبکہ نوٹیفکیشن کے مطابق آرٹیکل 94 کے تحت صدر مملکت نے وزیراعظم کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نگران وزیراعظم کی تقرری تک عمران خان بطور وزیراعظم کام کر سکتے ہیں، کابینہ ڈویژن نے 25 وفاقی وزرا، 4 وزرائے مملکت 4 مشیروں، 19 معاونین خصوصی کو بھی ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔
ادھر بنی گالہ میں سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران وزیراعظم کے لیے ناموں پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں نگران وزیراعظم کے لیے ناموں پر غور کیا گیا، حکومت کی جانب سے نگران وزیراعظم کے لیے نام کل اپوزیشن لیڈر کو بھجوائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجودہ صورتحال اور قانونی امور پر بریفنگ دی گئی۔
دوسری جانب کل سہ پہر وزیراعظم عمران خان، پروگرام آپکا وزیراعظم آپکے ساتھ میں عوام کی براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کریں گے اور عوام کے سوالات کے جواب دیں گے۔