اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی کی وفات کے بعد خالی ہونے والے حلقہ این اے 33 ہنگو میں ضمنی انتخاب معطل کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 ہنگو سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان 14 فروری کو انتقال کرگئے تھے جس کے بعد ان کی نشست خالی ہوگئی تھی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب صدر مملکت نے وزیراعظم کی درخواست پر قومی اسمبلی تحلیل کردی جس کے باعث این اے33 ہنگو میں ضمنی انتخاب معطل کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہہ دیا ہے قوم الیکشن کی تیاری کرے۔
خیال رہے کہ 2018 کے الیکشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے خیال زمان اورکزئی 28 ہزار سے زائد ووٹ لیکر فاتح قرار پائے تھے جبکہ متحدہ مجلس عمل کے عتیق الرحمان نے 27 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے۔