لاہور:(دنیا نیوز) خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان کے شوہر احسن جمیل گجر نے کہا ہے کہ میری بیگم اور خاتون اول کا آپس میں بہنوں جیسا تعلق ہے، مجھے نہیں پتا فرح جس جہاز میں بیٹھی وہ کس کا جیٹ طیارہ تھا، فرح کے پاس کوئی ایسی چیز نہیں جو دنیا سے الگ ہو۔
دنیا نیوز کے پروگرام اختلافی نوٹ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن جمیل گجر کا کہنا تھا کہ فرح 2005 سے پورشے گاڑی چلا رہی ہے، چوبر جی جہاز میں بھی کئی لوگوں نے تصویریں بنوائی ہوئی ہیں، مجھے نہیں پتا فرح جس جہازمیں بیٹھی کس کا جیٹ طیارہ تھا، تصویروں سے اندازے لگائے جارہے ہیں، فرح کے پاس کوئی ایسی چیز نہیں جو دنیا سے الگ ہو، جس گاؤں کا ذکر ہورہا ہے وہاں آبائی گھر، اس گھر کو ویلفیئر کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، ایم این ایز، ایم پی ایز ہزاروں سڑکیں بناتے ہیں۔
فرح خان کے شوہر کا مزید کہنا تھا کہ میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،گوجرانوالہ میں ڈپٹی کمشنر یا پولیس کے کسی کام میں مداخلت نہیں کی، ڈپٹی کمشنر، پولیس حکام سے پوچھا جاسکتا ہے، گوجرانوالہ میں ہماری زمینیں، ہاؤسنگ سوسائٹی ہے، ہم نے کبھی گوجرانوالہ میں کسی سرکاری کام میں مداخلت نہیں کی، پاکستان کے کسی پولیس اسٹیشن میں ہمارے خلاف کوئی مقدمہ نہیں جو بھاگتے، بیرون ملک آنا جانا روٹین کا معاملہ ہے، بیرون ملک ہمارا کوئی کاروبارنہیں، بتایا جائے کس ادارے میں ہمارے خلاف کوئی شکایت ہے؟ فرح اور میں ملک واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھاگنے والے نہیں اگر کوئی عدالت بلائے گی تو تمام الزامات کا سامنا کریں گے، پاکستان کی عدالتیں آزاد ہیں، نیب، ایف آئی اے سمیت کوئی بھی ادارہ بلائے گا تو پیش ہوں گے، عثمان بزدار کے کسی پرنسپل سیکرٹری سے میرا کوئی ذاتی تعلق نہیں، ساری باتیں مفروضوں پر ہو رہی ہیں۔
احسن جمیل گجر نے کہا کہ عمران خان کی ذات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، چیف سیکرٹری سے پوچھا جائے کیا ہم نے کسی تبادلے کے لیے کہا؟۔
فرح خان نے خود پر لگے تمام الزامات کی تردید کر دی
خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے خود پر لگے تمام الزامات کی تردید کر دی۔
فرح خان نے کہا کہ سیاست سے تعلق ہے نہ ہی کبھی سرکاری معاملات میں مداخلت کی، میرے کردار پر کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بھی بہن بیٹیاں ہیں، میرے بزنس کے بارے میں میرے شوہر پہلے ہی وضاحت دے چکے ہیں، جن لوگوں کومیرے ساتھ منسوب کیا گیا وہ بھی اس کی تردید کرچکے ہیں۔
— iam Farah Khan (@farahkhan_92) April 7, 2022
انہوں نے مزید کہ کہا کہ میری فیملی ان الزامات کو سن کر سکتے اور صدمے کی کیفیت میں ہے، خدارا مجھے اور میرے خاندان کو سنی سنائی باتوں پر بدنام نہ کیا جائے۔