لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کا ایکشن، سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی و دیگر کو معطل کر دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کی گئی جس دوران اسپیکر چودھری پرویز الٰہی زخمی بھی ہوئے جبکہ 5 اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا گیا تھا۔
وزیر اعلیٰ کے الیکشن میں ناقص اقدامات پر ایکشن لیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر نے سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری پارلیمانی امور عنایت لک ، سپیشل سیکرٹری عامر حبیب اور چیف سکیورٹی آفیسر اکبر ناصر کو معطل کر دیا ہے۔
دوست مزاری نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ اعلیٰ افسران کے اسمبلی حدود میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی جبکہ معطلی کے احکامات کا نوٹیفکیشن 16 اپریل کو جاری کیا گیا۔
ڈپٹی اسپیکر نے وزیر اعلیٰ کے الیکشن میں تعاون نہ کرنے، افسران کو اسمبلی ہنگامہ آرائی کے دوران فرائض میں غفلت پر معطل کیا۔
پنجاب اسمبلی ہنگامہ آرائی کی گورنر کو بھجوائی گئی رپورٹ منظر عام پر آگئی
پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کی گورنر کو بھجوائی گئی رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہنگامہ آرائی سے متعلق رپورٹ سیکرٹری اسمبلی محمد خان نے گورنر کو بھجوائی، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہنگامے سے قبل ڈپٹی اسپیکر اپنے ذاتی گارڈز کیساتھ ایوان میں داخل ہوئے، اسمبلی ایوان سارجنٹ ایٹ آرمز کے علاوہ کسی سکیورٹی اہلکار کو داخل ہونے کی اجازت نہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی غیر پارلیمانی حرکت پر کچھ خاتون ایم پی ایز نے اسپیکر ڈائس کے پاس احتجاج کیا، احتجاج کرنے والی خواتین کو ڈپٹی اسپیکر کے گارڈز نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ گارڈز نے خواتین کو گندی گالیاں بھی دیں، ڈپٹی اسپیکر کے غیر پارلیمانی رویے نے ارکان اسمبلی کو احتجاج پر مجبور کیا، ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کو ایوان میں آنے کی اجازت دی۔