اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے الہان عمر سے ملاقات کرنے پر عمران خان سے سوالات کئے ہیں کہ امریکی حکومتی عہدیداروں سے ملاقات سازش ہے یا مداخلت، قوم کو جواب دیں۔
امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے عمران خان کی ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الہان عمر سے ملاقات میں کون سی امریکی سازش پر بات ہوئی، قوم جاننا چاہتی ہے؟ اپوزیشن سے امریکیوں کی ملاقات کو سازش کہنے والا اپوزیشن میں جاکر امریکیوں سے کیوں مل رہا ہے؟ کون سی سازش تیار ہو رہی ہے؟ اگر آپ نے قوم کو نہ بتایا تو میں تحقیقات کراؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہا کہ قوم کو سچائی کا پتہ چلنا چاہیے، یہ نہ ہو کہ عمران نیازی اپنی روایت کے مطابق چند دنوں بعد ایک اور خط سامنے لے آئے، قوم کو امریکہ کے خلاف بھڑکانے والا آج امریکیوں سے ہنس ہنس کر باتیں کر رہا تھا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جلسوں میں " ابسولیٹلی ناٹ " کے نعروں سے قوم کو بھڑکانے والے نے امریکیوں سے ملاقات کے لئے " ابسولیٹلی یس" کیوں کہا؟۔