اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومتی اعلان مسترد کرتے ہوئے دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کیلئے آزاد جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تحریک انصاف حکومت کے ماتحت کمیشن بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے، پی ٹی آئی صرف ایک ہی کمیشن کو تسلیم کرے گی جو کہ آزاد عدلیہ کے ماتحت ہو اور اس کی کھلی سماعت ہو،
انہوں نے وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بہت گھبرائی ہوئی تھیں، آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آپ اتنے غصے میں کیوں ہوتی ہیں؟ کرائم منسٹر اور ان کی کابینہ کو مشورہ ہے کہ گھبرانا نہیں، آپ کے گھبرانے کا وقت کل کے جلسے کے بعد شروع ہوگا۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے دو تہائی وزیر ضمانتوں پر ہیں، جب سے یہ حکومت آئی ہے دہشت گردی کے واقعات میں 24 فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ توانائی بحران ہے، ملک میں تین ہفتے سے توانائی کا کوئی وزیر نہیں، وزارتوں کی بندر بانٹ کی وجہ سے ملک بحران میں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سازش وہاں سےشروع ہوئی جہاں امریکا کی اڈے لینےکی خواہش سامنےآئی، عمران خان نے امریکا کو اڈے دینے پر ایبسولوٹلی ناٹ کہا، ہماری رائے ہے بحران پیدا ہونے سے پہلے انتخابات کی طرف چلے جائیں، مفتاح اسماعیل کہتے ہیں دیکھتے ہیں لوگ دھوپ میں کتنی دیر بیٹھتے ہیں، کہیں ایسا نہ ہو لوگ ایوانوں میں اور آپ دھوپ میں بیٹھیں، کل الیکشن کمیشن میں اہم کیس کی سماعت ہوگی، ہمارے فارن فنڈنگ سے متعلق تمام اکاؤنٹ کلیئر ہیں، الیکشن کمیشن نے اس کیس میں جو تیزی دکھانا تھی نہیں دکھائی، اگر پنجاب اسمبلی کے 25 لوگ نا اہل ہوتے ہیں تو ان کے پاس مینڈیٹ ختم ہوجاتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سےعمران خان کو چھوٹے ذہن کے مخالفین ملے، پاکستان کے اقتدار کا فیصلہ پاکستان کےعوام نے کرنا ہے، روس، امریکا اور مغرب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، موجودہ حکومت واشنگٹن سے مسلط کی گئی، پیرس اور لندن میں بھی ان کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔
جعلی وزیراعلیٰ چند دنوں کا مہمان ہے: فرخ حبیب
سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تحت آزاد کمیشن بنایا جائے جو اوپن سماعت کرے، ای سی ایل سے تمام چوروں کے نام نکالے گئے، حمزہ شہباز واپسی پر مقصود چپڑاسی کو بھی بیرون ملک سے لیتے آئیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن میں ضمیر فروشوں کے ووٹ کاسٹ کرائے گئے، الیکشن کمیشن ضمیر فروشوں کو نا اہل کرے، جعلی وزیراعلیٰ چند دنوں کا مہمان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا حشرکر دیا ہے، امپورٹڈ حکومت کا توجہ پی ٹی آئی پر زبردستی کیس بنانا ہے، شہباز شریف نے وزیراعظم بنتے ہی اپنے آپ کو این آراو دیا، ہمارے تمام اکاؤنٹس واضح ہیں، 9 مئی کو مریم صفدر، بلاول بھٹو نے حساب دینا ہے۔