گلگت میں گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے: بلاول بھٹو زرداری

Published On 07 May,2022 04:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے۔

گلگت میں سیلابی صورتحال پر اپنے بیان میں انہوں نےکہا کہ شیشپر گلیشیئر پر جھیل پھٹنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنے کی ضرورت ہے، یقینی بنایا جائے مقامی آبادیوں کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے، زمینی راستے بھی کھلے رہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اُمید ہے انتظامیہ یقینی بنائے گی عام لوگوں، سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، گلگت بلتستان کی عوام کو پیپلز پارٹی مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی، گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں پر اب شترمرغ کی طرح ریت میں سر مزید چھپایا نہیں جاسکتا، موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملے پر اجتماعی و مربوط کوششیں حالات کا تقاضا ہیں۔

Advertisement