لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوزف بائیڈن کی کال آئی تو شکریہ، نہ آئی تو بھی شکریہ، بیرونی سازش کے ساتھ ملکر حکومت حاصل کرنے سے بڑا کفر نہیں، اب عمران خان پینترا بدل رہے ہیں انکو جولائی سے سازش کا علم تھا، عمران خان نے ماننا تو نہیں لیکن پھر بھی کمیشن بنائیں گے۔
سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو جن چیلنجرز کا سامنا اب ہے پہلے کبھی نہیں دیکھے، پاکستان کو تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ خسارے کا سامنا ہو گا، سابق حکومت بغیر مشاورت کے تیل کی قیمتوں میں کمی کر گئی جو کہ آئی ایم ایف کے معاہدوں کی خلاف ورزی ہے، عمران خان کو ساڑھے تین سالوں میں پہلے ایسا درد کیوں نہیں جاگا، تیل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے متعلقہ افسران سے بھی مشاورت نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں وافر بجلی تھی، نااہلی کی وجہ سے بجلی کا بحران پیدا ہوا، رولز میں لکھا تھا بجلی پلانٹ کی مرمت سردیوں میں ہوگی، انکے دور میں کھاد مہنگی ہوئی، بلیک ہوئی، اب تین ملین ٹن سے زائد گندم امپورٹ کرنا پڑے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل (این ایس سی) کی دونوں میٹنگ میں واضح طور پر کہا گیا غیر ملکی سازش نہیں ہوئی، بیرونی سازش کے ساتھ ملک کر حکومت حاصل کرنے سے بڑا کفر نہیں، اب عمران خان پینترا بدل رہے ہیں انکو جولائی سے سازش کا علم تھا، عمران خان نے ماننا تو نہیں لیکن پھر بھی کمیشن بنائیں گے، یہ تبدیلی قانونی اور آئینی طریقے سے آئی ہے، سازش سے نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات سےبالاتر ہو کر سوچنا ہوگا: وزیراعظم
وزیراعظم نے کہا کہ ریفارمز کے بعد ہی آئندہ انتخابات کا سوچیں گے، جھرلو کی حکومت کو ووٹ کی طاقت سے ختم کیا، ریفارمز کے لیے پی ٹی آئی کو دعوت دینگے وہ آئیں یا نہ آئیں، حکومت کتنی مدت کے لیے ہے یہ فیصلہ مشاور ت سے ہو گا، آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ میرٹ پر سنیارٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کرینگے، مریم نواز لیڈر ہے، بیٹی ہے، شعلہ بیانی ہو جاتی ہے، میرا نہیں خیال ان کے کسی جملے کا مقصد کسی حاضر سروس آفسر کو تنقید کا نشانہ بنانا ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ بائیڈن کی کال آئی تو شکریہ، نہ آئی تو بھی شکریہ، نواز شریف بیمار ہیں ان کا علاج جاری ہے، میرے قائد کی بیماری کو سیاست کا موضوع نہ بنایا جائے، تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو خوش آمدید کہیں گے، لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی جازت نہیں دینگے، تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو کیسے نمٹنا ہے اسکی حکمت عملی رانا ثنا اللہ بناچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی پر کسی قسم کی قدغن لگانے کا ارادہ نہیں رکھتی،پیکا آرڈیننس سمیت دیگر تمام قوانین کے تحت صحافیوں کے خلاف بلاوجہ کارروائیوں پرہر ممکن تحفظ دیا جائے گا، پیکا آرڈیننس کا جائزہ لینے کا کام پہلے ہی وزارت قانون کو سونپ دیا گیا ہے، حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے سی پی این ای سمیت صحافیوں کے دیگر نمائندہ اداروں کے ساتھ مل کر تعمیری کام کرنے کی خواہاں ہے۔
عمران خان کا خطاب پاکستان کےخلاف سازش ہے، قانونی کارروائی کریں گے، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ایبٹ آباد میں کیے جانے والے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
شہباز شریف نے سابق وزیر اعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے، ایبٹ آباد میں ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیا گیا اس لیے قانونی کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے، ایک شخص کی انا، تکبر اور جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے، پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی اور اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا، وہ اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اُس نے کھایا۔
ملکی ترقی کیلئے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا: وزیراعظم
زیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ذاتی مفادات سےبالاتر ہوکر سوچنا ہوگا، گزشتہ حکومت کا فلاحی منصوبوں کو تعطل میں ڈالنا قومی مفادات کےمنافی ہے، پی کے ایل آئی کو سیاست کی بھینٹ چڑھادیا گیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال کا افتتاح کردیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہسپتال میں عالمی معیار کی جدید مشینری موجود ہے، سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال کی طرح ہم نے پی کے ایل آئی بنایا تھا جہاں مایہ ناز ڈاکٹر رکھے گئے۔ سلیم میموریل ٹرسٹ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کرے گا۔ ہزاروں لوگ آنیوالے دنوں میں اس ہسپتال سےعلاج کرائیں گے، مستحق افراد کو مفت علاج کی سہولت اہم کاوش ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم کو ہسپتال کے مختلف شعبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ہسپتال میں موجود ڈائیلائسز اور سی ٹی سکین کی سہولتوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہسپتال کے کینسر وارڈ کا بھی دورہ کیا جہاں جدید ترین مشینری کے ذریعے طریقہ علاج اور پیشہ وارانہ سٹاف کی ہمہ وقت دستیابی بھی بتایا گیا۔
شہباز شریف کو انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ ہسپتال میں عالمی معیارکےعلاج کی سہولت میسر ہو گی، جدید آلات سے لیس ہسپتال مستحق مریضوں کومفت علاج فراہم کرے گا، اوپی ڈی، کینسر، امراض قلب سمیت مختلف بیماریوں کا علاج میسر ہو گا۔