اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو گھمبیر مسائل کی دلدل میں عمران خان نے دھنسایا، سابق وزیراعظم ہی مشکل فیصلوں کے ذمہ دار ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدے کی سزا عوام کو مہنگائی کی صورت میں مل رہی ہے، کپتان اپنے معاشی جرائم چھپانے کیلئے ہی کنٹینر پر چڑھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نے عوام کو مہنگائی دی، اب سب سے زیادہ خود مہنگائی کا شور مچا رہے ہیں، عمران صاحب شور نہ مچائیں، مہنگائی کا جواب دیں، معاشی تباہی کا حساب دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی مد میں عمران خان نے اپنی ناکام سیاست کو بچانے کے لئے ناقابلِ تلافی نقصان کیا کو آج عوام کو بھگتنے پڑ رہے ہیں، آج مشکل فیصلے کئے جارہے ہیں تو اس کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں، اپنے معاشی جرائم کو چھپانے کے لئے عمران صاحب کنٹینر پر چڑھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے پر عمران صاحب نے دستخط کئے جس کی سزا عوام کو مہنگائی کی صورت مل رہی ہے، ملک میں چار سال نالائقوں، نااہلوں، کارٹلز اور عمران مافیا کی حکومت کی وجہ سے معاشی دہشت گردی کی گئی، آج ملک میں معاشی عدم استحکام عمران صاحب کی وجہ سے ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو مسائل کی دلدل میں عمران خان نے دھنسایا ہے، آج ڈالر میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے تو عمران صاحب ذمہ دار ہیں، ڈالر 193 پر عمران خان کی وجہ سے گیا ہے۔