ملتان: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اورپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ اگرہم سیاست کا سوچتے تو موجودہ حکومت کو مزید چلنے دیتے، ہمیں پتا ہے جتنی زیادہ یہ حکومت کریں گے، یہ پاکستان کو سری لنکا والی صورتحال کی طرف لیکر جائینگے، جلدی سے جلدی الیکشن کی تاریخ دو اوراسمبلیوں کوتحلیل کرو۔ پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس ہو گا، جس میں 25 اور 29 مئی کے درمیان لانگ مارچ کی تاریخ مل جائے گی۔
ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں نوجوانوں اور خواتین کے بغیر کوئی بھی انقلاب کامیاب نہیں ہوتا، شاندار استقبال پر ملتان کا شکریہ اداکرتا ہوں، یہ انقلاب آرہا ہے، مجھے کہاگیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے، قرآن میں ہے جولوگ ایمان لے آئے، اللہ ان کے خوف دورکردیتا ہے، ذلت، مرنے، رزق کا خوف بڑے انسان کوایک چھوٹا سا انسان بنادیتا ہے۔ جب تک آپ خوف کے بت کو نہیں توڑیں عظیم قوم نہیں بنا سکتے، کہاگیا بلٹ پروف شیشہ لگاو، میری قوم کسی سپرپاور،چور اور ڈاکووں کے سامنے نہیں جھکی۔ اللہ سے ہمیشہ دعا کرتا تھا میری قوم کو جگا دے۔دنیا میں جس نے بھی بڑے کام کیے پہلے خوف کوختم کیا۔ خوف کے بت کو توڑے بغیر قوم کوایک عظیم قوم نہیں بناسکتے، ہمارے نبی ﷺنے پہلے لوگوں کوپیسے کی لالچ اورخوف سے آزاد کردیا تھا۔ہمارے نبی ﷺ نے دنیا کی امامت کی تھی۔ جس بیٹسمین کو تیز گیند لگنے کا خوف ہو وہ بڑا بیٹسمین نہیں بن سکتا۔ قوم سے کہنا چاہتا ہوں کرپٹ اوربزدل حکمرانوں نے خوف دلایا ہوا ہے، انہوں نے خوف دلایا جب تک امریکا کے جوتے پالش نہیں کریں گے آگے نہیں بڑھ سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے سپر پاور کے سامنے گھٹنے ٹیکے، حکمرانوں کی وجہ سے پاکستانیوں کو ذلت ملی، مجھے ہمیشہ گھٹنے ٹیکنے پر تکلیف ہوتی تھی، ہم ایک عظیم قوم ہیں، اللہ سے دعا کی تھی جب مجھے موقع ملے گا تو قوم کو کسی کے سامنے نہیں جھکنے دوں گا، اسی لیے 30 سال سے ملک لوٹنے والوں نے سازش کی، انہوں نے مشرف کی طرح مجھ سے این آراولینے کی پوری کوشش کی، کبھی لانگ مارچ اور کبھی اسمبلی میں برا بھلا کہا گیا، اپوزیشن کا ایک مقصد کرپشن کے کیسزمعاف کرانا تھا۔ پیپلزپارٹی، ن لیگ نے 11 سال اقتدار کی باریاں لی تھیں، مشرف نے دونوں پارٹیوں کو این آراودیا، دونوں پارٹیوں کے اقتدارکی وجہ سے 6 ہزارارب کا قرضہ 30 ہزارارب تک پہنچا، انہوں نے کرپشن کیسزمعاف کرنے کے لیے مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کی، ہاتھ کھڑا کر کے بتاؤ کیا مجھے ان کے کرپشن کیسز معاف کرنے چاہئیں تھے؟ لندن میں بھگوڑا بیٹھا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انشااللہ عوام کا سمندر اسلام آباد جائے گا، ہم نے صرف ایک چیزمانگنی ہے اسمبلی کب تحلیل اورالیکشن کب ہوگا ۔میں نے فیصلہ کرنا ہے کس دن اسلام آباد بلانا ہے، گھبرانا نہیں، جذبہ وجنون ہے، آج کوئی نئی ڈویلپمنٹ ہوئی لوٹوں کو نااہل کر دیا گیا ہے، اتوار کو پشاورمیں کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے، 25 اور 29 مئی کے بیچ میں ہم نے اسلام آباد جانے کا فیصلہ کرنا ہے، پرسوں تاریخ مل جائےگی تاکہ سب جانے کی تیاری کرلیں۔
پی ٹی آئی چیئر مین نے مسلم لیگیوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ والو خدا کے واسطے مجھے جواب دو، کیا کبھی گیدڑ لیڈر بن سکتا ہے۔ زرداری نے کہا تھا نوازشریف اٹک جیل میں اتنا روتا تھا ٹشو ختم ہو جاتے تھے، مشرف سے معاہدہ کرکے سعودی عرب بھاگ گیا تھا، اس بار پھرجھوٹ بول کر ڈرامہ کر کے لندن بھاگ گیا،ہمارے اجلاس کے دوران شیریں مزاری بیماریاں سن کر کابینہ میں رونا شروع ہوگئی تھیں، نوازشریف جیسے جہازپرچڑھا تو بیماری ختم ہو گئی، نوازشریف جہاز کی سیڑھیاں ایسے چڑھا جیسے اولپمک کھیلنے جارہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ والو جھوٹے آدمی کو عدالت نے سزا دی، آپ لوگ کیسے اس آدمی کے پیچھے چل سکتے ہو، چھوٹا بھائی چیری بلاسم ہے، چھوٹے بھائی نے لاہورہائیکورٹ میں نوازشریف کی واپسی کی گارنٹی دی تھی، شہباز شریف کو جھوٹی گارنٹی پربھی سزا ہونی چاہیے تھی، ان کے ساتھ وہ مل گیا جس کی آج کل قیمت بڑھانی ہے، یہ اتنے ڈرے ہوئے ہیں پٹرول کی قیمت نہیں بڑھارہے، انہوں نے امریکا کے ساتھ مل کرسازش کی۔
عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب والے بتائیں اتنے زیادہ لوٹے کیوں نکلے؟ اللہ کا شکرادا کرتے ہیں آج سب ڈس کوالیفائی ہو گئے، 8مارچ کو ڈونلڈ لو سفیر کو دھمکی دی تھی، ڈونلڈ لونے کہا اگرعمران کو ہٹا دیا تو معافی مل جائے گی، کیا اس قوم کوامریکا سے معافی کی ضرورت ہے، ہم ایک خود دارقوم ہیں، بدقسمتی سے ہماری اشرافیہ امریکی دھمکی سے ڈر گئے، ملک کی ایلیٹ کلاس ڈر گئی تھی سب نے ملکر 22 کروڑ عوام کے وزیراعظم کو ہٹایا، یہ سمجھ رہے تھے تحریک انصاف دفن ہو جائے گی، اللہ کا پلان ہی کچھ اورتھا اس نے میری قوم کو جگا دیا، یاد رکھنا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا انقلاب آرہا ہے، 30 سال سے لوٹ مار کرنے والوں کی اب قبریں بن رہی ہیں، قوم جاگ گئی ہے، ڈیزل کے خاندان کا بھی وقت ختم ہوگیا ہے، اسلام آباد میں عوام کا سمندرآنے والا ہے، ملتان والوں اسلام آباد کے لیے تیارہو۔
انہوں نے کہا کہ مارچ سے پہلے میرا آج آخری جلسہ ہے، انہوں نے پلان کچھ اور بنایا اللہ نے کچھ اورکردیا، شہبازشریف پہلے سے ہی نیشنل حکومت بنانے کا اعلان کررہے تھے، یہ سمجھ رہے تھے ڈیڑھ سال حکومت کریں گے، الیکشن کمیشن پہلے ہی ان کے ساتھ تھا، یہ سمجھ رہے تھے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیت جائیں گے، انہوں نے تو قوم کو بتایا تھا بڑے تجربہ کارہیں، وزیراعظم کو 6 ہفتے ہو گئے ہیں کہتے ہیں صبح چھ بجے جاگ جاگ جاتا ہے، چھ بجے جاگنے سے کچھ نہیں ہو گا، ڈالر 200 کا ہوگیا ہے، اب پتا چلا ہے ان کا سارا تجربہ کرپشن کا ہے، یہ جب اقتدارمیں آتے ہیں تو پیسہ بناتے ہیں اورملک مقروض ہوجاتا ہے، پچھلے ایک سال سے سازش کرنے میں لگے تھے، اب اقتدار مل گیا تو کیوں نہیں مل سنبھل رہا؟ شہبازشریف کبھی لندن بھاگتا ہے، کبھی کہتے ہیں نیشنل سکیورٹی چیزیں مہنگی کرے، 30 سال سے مقروض کرنے والے ملک کے مسئلے حل نہیں کرسکتے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیلنج کرتا ہوں ہمارے ساڑھے تین سالوں جتنی پہلے ترقی اور خوشحالی نہیں آئی، ایوب خان دورکے بعد ہماری حکومت میں سب سے زیادہ گروتھ ہوئی، ہماری حکومت میں ریکارڈ زیادہ ایکسپورٹ ہوئی، ہماری حکومت نے سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، ہماری حکومت میں 75 فیصد آئی ٹی کی ایکسپورٹ بڑھی، برصغیرکی نسبت کورونا کے دوران سب سے زیادہ روزگار ملا، آپ لوگوں نے اتنا زور لگا کر حکومت گرائی، شکر ہے ہماری حکومت اور انکے دور حکومت کا موزانہ ہو رہا ہے، اگر مجھے ملک کی فکر نہ ہو تو ان کو مزید حکومت میں رہنے دوں، یہ جتنی دیرحکومت میں رہیں گے اتنا ہی ذلیل ہوں گے، جنہوں نے سازش میں ساتھ دیا وہ بھی ذلیل ہوں گے، ملک کا دیوالیہ نکل رہا ہے روپے کی قدر گرنے سے ہر چیز مہنگی ہو گی۔ اگرہم سیاست کا سوچتے تو ان کو مزید چلنے دیتے، ہمیں پتا ہے جتنی زیادہ یہ حکومت کریں گے، یہ پاکستان کو سری لنکا والی صورتحال کی طرف لیکرجارہے ہیں، جلدی سے جلدی الیکشن کی تاریخ دواوراسمبلیوں کوتحلیل کرو۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، مریم تقریر کر رہی تھی کل، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم بار بار میرا نام لیتی ہو۔ ہمیشہ سوچتا ہوں ان کو اتنا زیادہ مجھ پرغصہ کیوں ہے، ان کے چچا، بھائیوں کو مجھ پر اتنا غصہ کیوں، ان کے سارے کیسز تو پیپلزپارٹی دور کے بنے ہوئے ہیں، شہبازشریف مقصود چپڑاسی کیس کے علاوہ باقی سب پرانے کیس ہے، مجھ پر اتنا غصہ کیا کیس معاف نہیں کرتا، مہذب معاشروں میں سب کے لیے قانون یکساں ہوتا ہے، جوقوم بڑے ڈاکوؤں کو نہ پکڑے وہ قوم تباہ ہو جاتی ہے، ہمارا المیہ یہ ہے بڑے ڈاکوایوانوں میں اورچھوٹے چورجیل جاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مشرف دور میں آزاد عدلیہ کے لیے باہرنکلا تو 8 دن جیل میں گزارے، جیل میں کوئی طاقتور ڈاکو نظر نہیں آیا، جب قومی اسمبلی میں جاتا تھا وہاں بڑے مجرم، ڈاکو نظر آتے تھے، سوئٹرزلینڈ جیسا ملک دنیا کا امیر ترین ملک ہے، سوئٹرزلینڈ کا انصاف کا نظام چوروں کو جیل میں ڈالتا ہے، شہباز شریف اوراسکے بیٹے نے 16 ارب ملازمین کے اکاؤنٹس میں بھجوائے، شہبازشریف اوراسکے بیٹے کو جب سزا ہونی تھی جنہوں نے سازش کی اسکو ملک کا وزیراعظم اور بیٹے کو وزیراعلیٰ بنا دیا، کیا اللہ کی برکت اس ملک میں آسکتی ہے جہاں غریب کوجیل میں ڈال دیا جائے، اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں،عمران خان اس لیے آپ کو اسلام آباد جانے کی دعوت دینے آیا ہوں، اسلام آباد حقیقی آزادی مارچ کے لیے سب کو تیار کرنے آیا ہوں، اگر قوم اب باہر نہ نکلی تو دوغلامیاں کریں گے، ایک امریکا کی غلامی، دوسری ملک لوٹنے والے ڈاکوؤں کی کرنی پڑے گی، کیا آپ لوگ ہو؟
ان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے ملتان میں بہت گرمی ہے، جب انقلاب آتا ہے تو گرمی، بارش، سردی نہیں دیکھی جاتی، اگرمجھے گرمی نہیں لگتی تو آپ سب مجھ سے چھوٹے ہیں۔ جب مجھے ہٹایا گیا تو تب سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا تھا، سوچا تھا تنہا بھی نکلنا پڑا تو نکلوں گا، جب بھی اللہ کے پاس جاؤں گا تو کہوں گا میں نے پوری کوشش کی، مجھے اندازہ نہیں تھا پوری قوم میرے ساتھ کھڑی ہوجائے گی۔ اندازہ نہیں تھا دلیر باشعور خواتین اور سکول کے بچے بھی باہر نکلیں گے، ہرشعبے کے لوگوں نے مجھے اسلام آباد جانے کا کہا ہے، پولیس والوں نے کہا ہماری ڈیوٹی ہے لیکن گھر والے سارے جائیں گے، سول سروس کے لوگ بزدل ہوتے ہیں لیکن ان کی فیملیز نے بھی جانے کا کہا ہے، ہمارے فوجیوں کی فیملیز، سارے ریٹائرڈ فوجی بھی تیار ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آج تک فوجی قربانیاں دے رہے ہیں، غلام قوم کی کوئی قدرنہیں کرتا، اسلام آباد میں دنیا کا سب سے بڑا سمندردیکھ رہا ہوں۔ یہ سیاست سے بات اوپر چلی گئی ہے، یہ وہ انقلاب ہے جو پاکستانیوں کو ایک قوم بنا رہا ہے، ایک چھوٹے سے امریکی افسر کی کیا جرات جو 22 کروڑ پاکستانیوں کودھمکی دے، بے شرم تم ہو، تمہاری معافی کی ہمیں ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب نبی ﷺ کے امتی ہیں، دنیا میں ہمارے نبی ﷺ سب سے عظیم انسان تھے، ہمارا کلمہ کہتا ہے اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکنا، ہمیں کہتے ہوروس سے سستا گندم، تیل نہیں لے سکتے، امریکی سرکار کہتی ہے روس سے تیل لینے کی اجازت نہیں ہے، بھارت امریکا کا سٹرٹیجک پارٹنر ہیں، بھارت نے امریکا کو جواب دیا آزاد ملک ہیں، روس سے تیل لیں گے، ہمارے ساتھ ہندوستان آزاد ہوا، انکی غیرت مند خارجہ پالیسی ہے، ہمارے ملک میں چیری بلاسم بوٹ پالش ہیں، شہبازشریف امریکی کو دیکھتا ہے تو کانپیں ٹانگنا شروع ہوجاتی ہیں، امریکا کو واضح کہا سب سے دوستی کریں گے کسی سے دشمنی نہیں، واضح کہا کسی کی غلامی نہیں کریں گے، امریکا کی جنگ میں 80 ہزارپاکستانیوں کی قربانیاں دیں، امریکا نے پاکستان کی قربانیوں پرایک دفعہ بھی شکریہ ادا نہیں کیا، جنگ کی وجہ سے قبائلی علاقے اجڑگئے، سوات میں40لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی ہمارا کیا قصورتھا؟ ہمارے ساڑھے 6 ہزارفوجیوں نے قربانیاں دیں، ہماری کیا غلطی تھی، مشرف نے گھٹنے ٹیک کرپاکستان کا نقصان کرایا، جب مجھ سے بیس مانگنے پرسوال پوچھا گیا تو’ابسولیٹلی ناٹ‘ کہا، میں نے واضح کردیا تھا امن میں ساتھ دیں گے لیکن کسی جنگ میں شرکت نہیں کریں گے۔ مجھے 22 کروڑپاکستانیوں نے منتخب کیا تھا، میرا کام 22 کروڑپاکستانیوں کی جان ومال کی حفاظت کرنا ہے، روس، یوکرائن جنگ میں کہا گیا مذمت کریں، بھارت کشمیرمیں ظلم کررہا ہے کیا کبھی امریکا نے کشمیری مظالم کی مذمت کی ہے؟ اسرائیل فلسطین میں ظلم کر رہا ہے کیا امریکا میں اتنی جرات ہے مذمت کرے، نوازشریف، زرداری کی اربوں کی جائیدادیں باہراس لیے ان کے غلام ہیں، ان کوزرداری، نواز شریف کی عادت پڑی ہے، دونوں کے دورمیں 400 ڈرون حملے ہوئے، دونوں بے شرموں نے ایک دفعہ بھی مذمت نہیں کی، کیا زرداری،نوازشریف میں اتنی جرات تھی کہ برطانیہ سے پوچھتے کیا ہم لندن میں الطاف حسین پربمباری کرنے کی اجازت دوگے۔
ٹکٹوں کے لیے لائنیں لگ گئیں، وفا نہ کرنیوالوں کا محاسبہ کرینگے: شاہ محمود
سابق وفاقی وزیر خارجہ اور پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ وہی ملتان ہے جس نے2013میں پی ٹی آئی کا جھنڈا گھاڑا تھا، تحریک انصاف نے ملتان سے 6نشستوں کے ساتھ کلین سوئپ کیا، آج الیکشن کمیشن نے 25 لوٹوں کا مکوں باندھ دیا ہے، آج لوٹے کی ہوگئی ٹھاہ، جب یہ حلقوں کا دورہ کریں گے توعوام کا غضب کا سامنا ہوگا۔ اس وقت عمران خان کی مقبولیت آسمان کو چھو رہی ہے، رابطے شروع ہو گئے،ٹکٹوں کے لیے لائنیں لگ گئیں، ہمارے ساتھ دو لوٹے بھی شامل ہوگئے تھے۔ جس نے وفا نہیں کی ہم ان کا محاسبہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف ہم نے اقوام متحدہ میں قرارداد پاس کروائی، آج عمران خان کی مقبولیت عروج پرہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں سندھ کو رورل کوٹہ دیا، ملتان وہی شہرہے جس نے 70میں بھٹو کو قومی اسمبلی کا رکن بنایا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے جنوبی پنجاب سے ناانصافی کی، ن لیگ کے دور میں صرف17فیصدترقیاتی فنڈز دیئے گئے، پی ٹی آئی نے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کی بنیاد رکھی، اگر جنوبی پنجاب کو کوئی صوبہ بنائے گا تو عمران خان ہی بنائے گا، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا تو وفاق مضبوط ہوگا، جنوبی پنجاب صوبہ چاہیے تو کپتان کا ساتھ دینا ہو گا۔ بے نظیرنے صوبہ نہیں بنایا، یوسف رضا گیلانی نے صوبہ نہیں بنایا مال بنایا، عمران خان کودوتہائی اکثریت دوگے توصوبہ ملے گا، دوتہائی اکثریت دینا تاکہ کسی بیساکھی کی ضرورت نہ پڑے۔ خان صاحب میری آرزو ہے، اللہ عمران کو دوبارہ وزیراعظم بنائے تو جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے۔
سابق وفاقی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کیا اسلام آباد کی دعوت کے لیے ، کہتے ہیں حمزہ نے کینٹینرزکا بندوبست کیا ہے، ہاتھ کھڑا کرکے بتائیں اسلام آباد جانے کے لیے کون،کون تیارہے۔ شہبازشریف اٹھواب کوچ کرو،اسلام آباد میں دل کا لگانا کیا، شہبازشریف تمہیں جانا ہوگا کیونکہ عمران کا کاررواں تیارہے۔ ہمارا کوئی مطالبہ نہیں صرف جنوبی پنجاب کا صوبہ مانگتے ہیں، عمران خان حقیقی آزادی دلائے گا۔
پنجاب میں گورنرراج لگایا جائے: شیخ رشید کا مطالبہ
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈاکو، چور اور بے ایمان پر کل فرد جرم عائد ہو سکتی ہے۔ امپورٹڈ حکومت کو لانے والوں نے سمجھا عمران گھر بیٹھ جائے گا، عمران خان تم سب لوگوں کو گھر بھیجے گا، اس وقت ملک میں2وزیراعظم،2وزیرخارجہ، 2وزیرخزانہ اور دو وزیر توانائی ہیں، عمران خان آج جو بھی فیصلہ کرے گا شیخ رشید حاضر ہے، صرف ایک ووٹ کا فرق ہےعمران خان حکم کرے تو دوبارہ وزیراعظم بنادوں، عمران خان اس اسمبلی سے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوسکتے ہیں۔
عوام کے نعروں پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹائم نہیں ڈیزل کا ذکر چھوڑ دو۔ عمران خان میرا لیڈر ہے، میں عمران خان سے مطالبہ کرتا ہوں پنجاب میں گورنر راج لگایا جائے۔ پی ٹی آئی اراکین کو استعفی دینے پرسلیوٹ کرتا ہوں، عمران خان کو کہتا تھا ایمرجینسی لگاؤ، عمران خان کے لیے جان بھی قربان کرنا پڑی توکروں گا۔