اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا کے انڈر سیکرٹری ڈونلڈ لو کو برے رویے پر نوکری سے نکالنا چاہیے۔
سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ روس کادورہ تمام اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت سے بہت پہلے پلان ہو چکا تھا، دورے کی منصوبہ بندی طویل عرصہ قبل کی گئی تھی، ہماری فوج کو روس سے سازوسامان درکار تھا، ہمیں تیل کی ضرورت تھی اور ایک گیس پائپ لاین کا منصوبہ بھی تعطل کا شکار تھا۔ مجھے کیسے معلوم ہو سکتا تھا جس روز میں نے ماسکو میں لینڈ کرنا تھا اسی دن روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین پر حملہ کرنے کا فیصلہ کرنا تھا۔مجھے ندامت اس وقت ہوتی اگر پیوٹن کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرنے کے بعد میں وہاں جاتا تو ظاہر ہے مجھے ندامت ہوتی کیونکہ میں مسائل کے فوجی حل میں یقین نہیں رکھتا۔
چیئر مین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کےاندورنی معاملات میں بھرپور مداخلت کی گئی، امریکی عہدیدار نے کہا عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو معاف کر دیا جائے گا، اگلے ہی دن پارلیمنٹ میں میرے خلاف تحریک عدم اعتماد آگئی، 22 کروڑعوام کے منتخب وزیراعظم کوہٹانے کی دھمکی دی گئی، ڈونلڈ لو کی دھمکی سے پہلے امریکی سفارتخانہ ہمارے پارٹی ممبران کو بلاتا رہا،ان کی ہماری پارٹی کے بیک بینچرز سے ملاقاتوں میں کیوں دلچسپی تھی، پارلیمنٹ کے دیگر ممبران کو خریدنے کیلئےلاکھوں ڈالر لگائے گئے، ڈونلڈ لوکو برطرف کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سفارت خانے کے حکام ہمارے ناراض ایم این ایزسے ملاقات کیوں کر رہے تھے، امریکا نے پاکستان میں رجیم چینج کیوں کرایا؟ سائفر کو کابینہ اجلاس میں پڑھ کرسنایا گیا، قومی سلامتی کمیٹی میں بھی سائفر کا معاملہ اٹھایا گیا، قومی سلامتی کمیٹی میں تینوں سروسز چیفس بھی موجود تھے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے ڈيمارش دينے، امريکی حکومت سے احتجاج کا فيصلہ کيا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چيف جسٹس آف پاکستان کو مراسلہ بھجوايا کہ اس کی تحقيقات کروائی جائیں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ کسی معاملے کی فوجی حل پر یقین نہیں رکھتا، ہمارے ٹرمپ انتظامیہ سے بہترین تعلقات تھے، جوبائیڈن کے اقتدار میں آنے کے بعد دو طرفہ تعلقات میں بدلاؤ آیا۔
In an exclusive interview, @ImranKhanPTI tells me a top US diplomat needs to resign for his role in what he claims was an American-backed plot to remove him from office. More on that and his future political plans here: pic.twitter.com/8ZU5coAq5l
— Becky Anderson (@BeckyCNN) May 23, 2022
صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ اب دوبار حکمرانی کریں گے؟ اس پر جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی ناصرف آئندہ انتخابات جیتے گی بلکہ سب سے زیادہ ووٹ لے کر ملک کی سب سے بڑی حکمران جماعت ہو گی۔ شہباز شریف کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے۔
عمران خان کا پشاور صدر بازار کا دورہ
سابق وزیراعظم عمران خان نے پشاور صدر بازار کا دورہ کیا اور عوام میں گھل مل گئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کئی دنوں سے پشاور میں مقیم ہیں، عمران خان آج سہ پہر کے وقت اچانک صدر بازار پہنچ گئے جہاں انہیں بازار کا دورہ کرایا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی محمود خان،پرویزخٹک، شاہ محمود قریشی، مرادسعید،علی امین گنڈا پور بھی ساتھ تھے۔ عمران خان عام لوگوں میں گھل مل گئے۔
اس موقع پر ایک تاجر نے عمران خان پر پیسے بھی نچھاور کئے شاپنگ کیلئے آئی خواتین بھی ان کے ساتھ سیلفیاں لیتی رہیں ،پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی۔