پشاور: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مردان کا مختصر دورہ کیا جہاں انہوں نے حقیقی آزادی مارچ میں شہید ہونے والے کارکن سید احمد کے گھر پہنچے اور مرحوم سید احمد کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کی۔
عمران خان کے دورہ مردان کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور دیگر پارٹی قائدین بھی ہمراہ تھے، اس موقع پر مرحوم سید احمد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
سید احمد کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ سید احمد آزادی مارچ کا شہید ہے، ہمارے دین میں شہیدوں کا سب سے اونچا رتبہ ہے، سید احمد جیسے کارکنوں کی قربانی سے حقیقی آزادی حاصل ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سید احمد جان کی قربانی کو بھولنے نہیں دیا جائیگا، پارٹی کو سید احمد شہید کی قربانی پر فخر ہے، سید احمد جان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پارٹی شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، سید احمد شہید کے بچوں کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔