عبدالاکبر چترالی حکومتی بنچز پر نہیں بیٹھیں گے تو ریفرنس آسکتا ہے: ایاز صادق

Published On 24 June,2022 06:48 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا ہے کہ عبدالاکبر چترالی حکومتی بنچز پر نہیں بیٹھیں گے تو ریفرنس بھی آسکتا ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عبدالاکبر چترالی صاحب آپ کو کرسی عزیز ہے یا حلقے کے عوام کے مسائل اہم ہیں، آپ کو فیصلہ کرنا ہو گا،آپ کو ہمارے ساتھ بیٹھنا چاہیے، ان کے خلاف ریفرنس بھی تیار ہے لیکن یہ سب کے دوست ہیں اس لئے کارروائی نہیں کر رہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ اگرعبدالاکبر چترالی حکومتی بنچز پر نہیں بیٹھیں گے تو ریفرنس بھی آسکتا ہے، ہمارے ساتھ بیٹھیں، مل کر وزیر خزانہ مفتاح صاحب سے مسائل حل کروائیں گے۔

اس پر جواب دیتے ہوئے مولانا عبدالاکبرچترالی نے کہا کہ ایاز صادق کہتے ہیں میرے خلاف ریفرنس تیار ہے تو لے آئیں۔ ایاز صادق کی حیثیت کیا ہے، میرے خلاف ریفرنس لائیں، ریفرنس کا جواب دوں گا۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے پیسے میں عدالت سے جاکر لےسکتا ہوں، ڈی سیٹ ہونے سے نہیں ڈرتا، سودی نظام کے خاتمے کیلئے لڑتا رہوں گا۔ اپوزیشن لیڈر اگلے الیکشن میں ن لیگ کا ٹکٹ ہولڈر ہے ، اس لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی کیا حیثیت ہے، میں اپوزیشن لیڈر کو قبول نہیں کرتا، جس کا حکومت اور اپوزیشن لیڈر کو درد ہے۔

مولانا عبدالاکبر چترالی نے مزید کہا کہ دین کے لیے ڈی سیٹ ہونے پر خوش قسمت ہو ں گا ، حلقہ این اے ون کا ممبر ہوں اللہ کے سامنے بھی نمبر ون بن جاؤں گا ، انھوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ، یہ چترال کے لئے ایک یونیورسٹی نہیں بنا سکتے۔
 

Advertisement