اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں پھر بادل برس پڑے، بارش نے تیسرے دن بھی شہر قائد کو ڈبو دیا، ضلع وسطی سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
عیسیٰ نگری، عائشہ منزل اور شاہراہ پاکستان سمیت کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، گڈاپ کاٹھور کے اطراف سیلابی ریلے سے سڑک کا بڑا حصہ بہہ گیا، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
ادھر اسلام آباد اور گردونواح میں بھی تیزہواؤں کےساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، سیکٹر ایچ 13 تالاب کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔
بارش کا پانی عمارتوں کی بیسمنٹ میں بھی داخل ہو گیا، راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح 10 فٹ تک بلند ہو گئی جس کے باعث انتظامیہ ہائی الرٹ ہے۔
دوسری جانب صوابی میں طوفانی بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، سکندری میں مکان کی چھت گر نے سے ماں اور بیٹی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
جبکہ محکمہ موسمیات نے عید کے دنوں میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی کی ہے، بارشوں کا نیا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکثر علاقوں میں جل تھل ایک ہونے کا امکان ہے۔