اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں آنے والے سیلاب اور بارشوں کے باعث امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
بلوچستان کے ضلع قلعہ عبد اللہ سمیت صوبے بھر میں ہونے والی حالیہ بارشیں اور سیلاب کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور بلوچستان حکومت کو امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں کے حوالے سے فوری طور پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے قلعہ سیف اللہ میں سیلاب سے دو بند ٹوٹنے اور نقصان کے مکمل تخمینے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ قوی امکان ہے شہباز شریف جلد ضلع قلعہ عبد اللہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
اس دوران انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں پھنسے لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے، سیلاب متاثرین کی رہائش کیلئے خیمہ بستیاں اور کھانے پینے کی اشیاء کا فوری انتظام یقینی بنایا جائے۔