لاہور(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست سے اوپر سوچنے کا ہے، اصل سیاست اس وقت دکھی انسانیت کی خدمت ہی ہے جو عمران خان کی قیادت میں ہم کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سینئر سیاستدان نذیر احمد جٹ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، میڈیکل کیمپس میں ضروری طبی سہولتیں اور وبائی امراض سے بچاؤ کی ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ میری ہدایت پر چیف سیکرٹری کامران افضل ایک بار پھر متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں، متاثرین کی بحالی کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، بدقسمتی سے پی ڈی ایم کی جماعتیں موجودہ حالات میں بھی سیاست چمکا رہی ہیں،
انہوں نے مزید کہا کہ کہ مخالفین کا بے حس رویہ ظاہر کرتا ہے کہ ان کے نزدیک مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی کوئی قدر نہیں، ان لوگوں نے سیلاب سمیت ہر اہم موقع پر غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا ہے، ان کی سیاست کسی اصول یا نظریے کی بنیاد پر نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سینئر سیاستدان نذیر احمد جٹ رکن قومی اسمبلی عائشہ نذیر جٹ اور عارفہ جٹ کے والد ہیں۔