لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور عمران خان سے پنجاب کی صوبائی کابینہ نے ملاقات کی جس میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، ہمیں جلد انتخابات کی جانب بڑھنا ہے۔
پنجاب کابینہ سے ملاقات میں عمران صوبے کے انتظامی و سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، چیئرمین تحریک انصاف نے کابینہ ارکان کو پنجاب کے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ارکان اسمبلی کو آئندہ لائحہ عمل کیلئے گائیڈ لائنز دیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی تحریک انصاف پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے، پرویز الہٰی ایک عملی سیاستدان ہیں، ہم نے بھرپور ساتھ دینا ہے، پنجاب میں تحریک انصاف سے عوام حقیقی آزادی کے ایجنڈے کی تکمیل توقع کر رہے ہیں، پنجاب کی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی حقیقی آزادی کے موقف پر عوام کے ساتھ کھڑی رہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہے، ہمیں جلد انتخابات کی جانب بڑھنا ہے، فوری انتخابات تحریک انصاف کی ضرورت نہیں بلکہ ملک کی ضرورت ہیں، انقلاب ہماری دہلیز پر دستک دے رہا ہے، پرامن انتخاب کے ذریعے راستہ فراہم کیا جائے۔