لاہور: (دنیا نیوز) آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ ریفرنسز میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست احتساب عدالت نے منظور کرلی۔
احتساب عدالت لاہور میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بیرون ملک سرکاری دورے پر ہیں اس لیے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ حمزہ شہباز کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث وہ آج پیش نہیں ہوسکتے۔
احتساب عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی آج کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔
لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔