اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو کیسز سے بری ہونے پر مبارکباد دی اور گلے لگا لیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے بہت بہت کرم کیا ہے، خدا نے بڑی عزت دی ہے، میرے قائد نواز شریف بھی جلد اللہ کے فضل سے بری ہوں گے۔
اللّٰہ نے بڑا کرم کیا ہے اللّٰہ نے بڑی عزت دی ہے۔ pic.twitter.com/gRWJL3G4bz
— PML(N) (@pmln_org) September 29, 2022
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے نوازشریف کے خلاف جج ارشد ملک مرحوم کی گواہی پر انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے،اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں بیٹی مریم اور بیٹے صفدر کو بالآخر انصاف ملا،اللہ کے حضور ہمارے سر شکر کے احساس سے جھکے ہوئے ہیں اس نے ہمیں سرخرو فرمایا،سیاسی انتقام کا ایک تاریک دور آج انجام کو پہنچا اور بے گناہ سرخرو ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے بہادری، صبر اور ثابت قدمی سے مشکل ترین حالات کا سامنا کیا، آج کے عدالتی فیصلے سے جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کی تمام عمارت زمیں بوس ہو گئی، مریم نواز کا بری ہونا اس سیاسی انتقام کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے جس کے ذریعے شریف خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔