اسلام آباد: (دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے لانگ مارچ کی تاریخ دینے سے پہلے عمران خان کو سوالات کا جواب دینے کا چیلنج کردیا، کہتی ہیں قومی سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلنے والا فارن ایجنٹ اسلام آباد کرنے کیا آ رہا ہے؟۔
ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے قومی مفادات کے ساتھ یہ گھناؤنا اور سنگین کھیل کب تک کھیلتے رہیں گے، سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے بجائے لانگ مارچ کی تیاری کی جارہی ہے، معیشت تباہ، 20 ہزار ارب کا تاریخی قرض لینے والا فارن ایجنٹ جھوٹا اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ نے 95 لاکھ لوگوں کو بے روزگار، 2 کروڑ کو غربت کے جہنم میں دھکا دیا، پارلیمنٹ کو توڑنے والا آئین شکن اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ عدلیہ اور ججوں کو دھمکانے، اداروں پر بہتان لگانے اور سیاست میں گھسیٹنے والا اسلام آباد کرنے کیا آ رہا ہے؟ کشمیر فروش فارن ایجنٹ اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ ۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ توشہ خانہ کا چور، فرح گوگی، پیرنی کی کرپشن کا شریک مجرم اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ان سوالوں کا پہلے جواب دیں اور پھر عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کریں۔