اسلام آباد:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے سائفر کے منٹس میں تبدیلی کرا کے ملکی سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلا، آپ نے آئین، پارلیمان اور اپنے منصب کے ساتھ غداری کی، یہ ناقابل معافی جرم ہے، حکومت اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی پوری سیاست بیساکھیوں پر ہے، یہ خود کو بچانے کیلئے دہائیاں دے رہے ہیں،عمران خان کے خلاف ثبوت موجود ہیں، آپ نے دوسری آڈیو لیکس میں کہا کہ ہم اسے خط کہیں کیونکہ عوام کو سمجھ آجائے گی، حقیقی آزادی والے کہہ رہے ہیں کہ ہم نے امریکا کا نام نہیں لینا، نام اس لیے لینا کیونکہ آپ جھوٹ بول رہے تھے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ نے ملک کی سلامتی کے ساتھ کھیلا، آپ نے سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور صدر پاکستان سے آئین شکنی کرائی، یہ سیکرسی ایکٹ کا مسئلہ ہے یہ ناقابل معافی جرم ہے، آپ نے اس سائفر کو امریکی سازش بنا کر قوم کو گمراہ کیا، اداروں کا کام قومی سلامتی اور ملک کا دفاع ہے تمہاری کرسی بچانا نہیں، اس شخص نے قومی رازوں سے کھیلا، آڈیو لیک میں عمران خان کا پورا بیانیہ بے نقاب ہو گیا تھا، عمران خان نے قومی سلامتی کے حساس معاملے کو سیاست کی نذر کیا، یہ قومی سلامتی اور آئین و قانون کا معاملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آڈیو لیکس کے حوالے سے کابینہ کی میٹنگ ہوئی، کابینہ کی میٹنگ میں اس پر تفصیلی بریفنگ ہوئی، سیکریسی ایکٹ کے مطابق سائفر پبلک نہیں ہوسکتا، عمران خان نے اس سائفر کو منٹس میں تبدیل کر کے کھیل کھیلنے کا تماشا کیا، عمران خان نے اپنی دونوں آڈیو لیکس کی تردید نہیں کی، وہ اعتراف جرم کرچکے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ چھ سال تم نے اپنے حواریوں کے ساتھ ملکر نواز شریف کو بدنام کیا اور اس شخص نے یہ نہیں کہا آگ لگا دو اور قومی رازوں سے کھیلو، جو چور ہوتا ہے وہ آپ کی طرح عدالتوں سے بھاگتا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جارہا ہے، اس معاملہ پر ایوان میں مکمل بحث ہوگی۔