اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن یا جے آئی ٹی بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس اور آفس کی نگرانی، ڈیٹا ریکارڈنگ اور آڈیو لیکس کو غیر قانونی قرار دیا جائے، آڈیو لیکس کی تحقیقات کروا کر ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔
عمران خان کی درخواست میں مزید کہا ہے کہ حکومت اور متعلقہ اتھارٹیز کو مزید آڈیوز کی لیک روکنے کا حکم دیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت آئی ٹی اور وزارت اطلاعات کو فریق بنایا گیا ہے، اس کے علاوہ درخواست میں آئی بی، ایف آئی اے اور پیمرا کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔