اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے نامزد آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ری ٹین کر لیا گیا، وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری بھی دیدی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے جنرل عاصم منیر کو ری ٹین کرنے کی سمری پڑھ کر سنائی جسے کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت کسی افسر کی جب ریٹائرمنٹ کا وقت آتا ہے تو وزارت دفاع میں ایک پرمیشن کی درخواست آتی ہے اسی طرح سے عاصم منیر نے بھی وزارت دفاع میں ریٹائرمنٹ کی پرمیشن کی درخواست دی جسے وزارت دفاع نے مسترد کر دیا اور انہیں ری ٹین کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان آرمی ایکٹ میں یہ قانون موجود ہے کہ کسی بھی افسر کو ری ٹین کیا جا سکتا ہے، اسی لئے وزارت دفاع نے حفاظتی انتظامات کے تحت جنرل عاصم منیر کی ری ٹین کی سمری بنائی تاکہ صدر کی جانب سے سمری روکے جانے کی صورت میں عاصم منیر 27 نومبر کو ریٹائر نہیں ہوں گے اور یہ عمل قانونی طور پر بہتر طریقے سے انجام دیا جاسکے۔
وفاقی کابینہ نے نامزد آرمی چیف عاصم منیر کے ری ٹین اور ان کے آرمی چیف بننے کے فیصلے کی متفقہ منظوری دی۔
واضح رہے کہ صدر 25 دن تک سمری روکے بھی رکھیں گے تو بعد میں بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر ہی ہونگے، صدر کے دستخط نہ کرنے کی صورت میں وزیر اعظم نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔