استنبول: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ترکیہ متحد ہیں، عالمی سطح پر قیمتوں میں بے پناہ اضافہ سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، صدر رجب طیب اردوان کی پرجوش میزبانی پر انتہائی مشکور ہوں، پاکستان اور ترکیہ نے ہمیشہ ہر مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو جانی و مالی نقصان پہنچا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور ترکیہ متحد ہیں، ترکیہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا، قیمتوں میں اضافہ سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، پاکستان چین کے ساتھ مل کر سی پیک منصوبے آگے بڑھا رہا ہے، سی پیک کی تکمیل سے خطہ کی ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا، ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان ترکیہ یک جان دو قالب اور مثالی برادر ملک ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے مشترکہ طور پر پی این ایس خیبر کی لانچنگ کی، ہم نے پاکستان کے ساتھ مل کر بہت سے منصوبے مکمل کئے، دونوں ملکوں کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ہر ممکن مدد کریں گے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بھرپور اقدامات کئے، ہم نے پاکستانی سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی، دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، دونوں ممالک عالمی فورمز پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔