لاڑکانہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ ان کی غیر جمہوری سوچ کا عکاس، پی ٹی آئی چیئرمین اپنی ضد منوانے کیلئے جھوٹ، نفرت اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کررہے ہیں، تبدیلی ہم لائے ہیں، یہ تیسری پارلیمنٹ ہوگی جو مدت پوری کرے گی، ملک میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔
لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں آمریت کا دروازہ کھلے اور وہ بیک ڈور سے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم بن سکیں، خان صاحب کی پہلے ضد اور سازش یہ تھی کہ اسٹیبلشمنٹ میں بیٹھے ان کے سہولت کاروں کی موجودگی کے دوران انتخابات ہوں اور وہ کامیاب ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے تو ان کے سہولت کار ہٹ گئے لیکن کسی اور ادارے میں شاید ان کے سہولت کار ابھی موجود ہوں، ماضی میں حکومتیں اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرتی تھیں، ہم نے پارلیمنٹ کی آئینی مدت کو یقینی بنایا، 2007 سے 2013، پھر 2018 اور اب 2023 تک پارلمان اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر انتخابات وقت پر ہوں گے تو عمران کے سہولت کار کسی بھی ادارے میں موجود نہیں رہیں گے، عمران خان کو اسی بات کی تکلیف ہے، اسی لیے جھوٹ نفرت تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں، وہ ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، سیلاب، معاشی مسائل اور بے روزگاری کے باوجود عمران خان چاہتے ہیں پارلمینٹ اپنی مدت پوری نہ کرے اور جمہوری ترقی نہ ہو۔
چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری لاہوری محلے میں شہید پولیس افسر عبدالمالک بھٹو کی رہائش گاہ گئے، ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی۔