ایم کیو ایم پاکستان کی ناراضی، بلدیاتی حلقہ بندیوں بارے آج بلاول ہاؤس میں اجلاس ہوگا

Published On 01 January,2023 09:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی ناراضی، وفاق نے بات سن لی، بلدیاتی حلقہ بندیوں اور انتخابات کے حوالے سے آج بلاول ہاؤس میں اہم اجلاس ہو گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ایاز صادق ن لیگ کی نمائندگی کریں گے، ایم کیو ایم سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت بھی اجلاس میں شامل ہو گی۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ اپنی کابینہ ارکان کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کریں گے، سندھ حکومت بلدیاتی حلقہ بندیوں پر اپنا نکتہ نظر پیش کرے گی، ایم کیو ایم حلقہ بندیوں سےمتعلق قانونی ماہرین سےمشاورت کے بعد  اجلاس میں اپنا موقف دے گی، اجلاس  شام ساڑھے سات بجے بلاول ہاؤس کراچی میں ہو گا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے منگل کی شام 4 بجے جنرل ورکرز اجلاس طلب کر لیا، قیادت کی جانب سے اجلاس میں رہنماؤں اور کارکنوں سمیت دیگر کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 

Advertisement