پنجاب میں دھند، اہم شاہراہیں بند، ملتان ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

پنجاب میں دھند، اہم شاہراہیں بند، ملتان ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

ترجمان موٹریز پولیس کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو کو ٹھوکر سے کوٹ سرورتک ، موٹر وے لاہور ملتان ایم تھری کو فیض پور سے رجانہ ، موٹر وے ایم فائیو کو شیر شاہ سے اوچ شریف تک جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کو شدید دھند کے باعث سفر کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق موٹرویز عوام کی حفاظت کے پیش نظر بند کی جاتی ہیں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر سے پہلے ہیلپ لائن 130، ٹویٹر سے رہنمائی لی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب ہائی وے پر بھی گاڑیوں کی رفتار آہستہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ملتان میں دھند کے باعث انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا، دبئی سے آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز اسلام آباد ڈائیورٹ کر دی گئی، کراچی آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق شارجہ جانے والی قومی ائیرلائن کی پرواز منسوخ، جبکہ دبئی اور مدینہ جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، ملتان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث فلائٹ آپریشن معطل ہوا۔