پشاور: چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، خودکش دھماکے میں 2 اہلکار شہید

Published On 19 January,2023 09:18 pm

پشاور: (دنیا نیوز) ضلع خیبر میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، خودکش دھماکے میں 2 اہلکار شہید، 2 زخمی ہو گئے جبکہ ایک حملہ آور ہلاک دیگر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے ضلع خیبر میں تختہ بیگ کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی اور پھر خود کش دھماکا کیا، حملے کے بعد پولیس چیک پوسٹ میں آگ لگ گئی، پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، اس دوران 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوئے۔

دہشتگرد حملے کے بعد پاک افغان شاہراہ پر آمدو رفت بند ہو گئی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، ایک اہلکار کی حالت تشویشناک ہے جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے تختہ بیگ چیک پوسٹ پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی اور پولیس کی اضافی نفری بھیجنے کی ہدایت کر دی۔

وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انہوں نے شہید ہونے والے اہلکاروں کی درجات بلندی اور لواحقین کیلئے صبر و تحمل کی دعا کی۔