لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری مسترد کرتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ نامزدگی پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلوں سے ثابت کیا کہ وہ پی ڈی ایم کی بی ٹیم ہے، محسن نقوی کو پنجاب میں الیکشن رکوانے یا دھاندلی کے ذریعے تحریک انصاف کا راستہ روکنے کا ٹاسک دیا گیا ہے، تقرری کو عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد سسٹم سے اٹھ چکا، فیصلہ کن تحریک کیلئے سڑکوں پر آنا ہو گا، عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے فیصلے عوام خود کریں گے، بند کمروں میں ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، کٹھ پتلیوں کی کوئی حیثیت نہیں صرف تماشا دکھانے والوں کی ایما پر کام کرتی ہیں، پاکستان کے عوام سمندر کی طرح نکل کر کٹھ پتلیوں کو بہا لے جائیں گے۔