اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے 45 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی میں واپس جانے کو تیار ہے، چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر 45 ارکان نے استعفے واپس لینے کیلئے سپیکر کو ای میل کر دی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی اراکین نے الیکشن کمیشن کو درخواست کی ہے کہ اپنے استعفے واپس لے رہے ہیں، سپیکر اگر ہمارے استعفے منظور کرتے بھی ہیں تو ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر نے کہا کہ کیونکہ سپیکر ابھی تک تمام اسمبلی ارکان کے استعفے قبول نہیں کر رہے، اس لیے پارٹی چیئرمین کی ہدایات کے مطابق 44 ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
کیونکہ سپیکر ابھی تک تمام اسمبلی ارکان کے استعفے قبول نہیں کر رہے، اس لئے پارٹی چیئرمین کی ہدایات کے مطابق 44 ارکان اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کا فیصلہ سپیکر قومی اسمبلی کو ای میل کر دیا ہے. اگلا قدم اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی ہو گی. pic.twitter.com/qx86MCyTBK
— Asad Umar (@Asad_Umar) January 23, 2023
سابق وزیر نے 44 پارٹی اراکین کے ناموں کی فہرست شیئر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ سپیکر قومی اسمبلی کو ای میل کر دی ہے، اگلا قدم اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی ہوگی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس کے بعد مستعفی پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی مجموعی تعداد 79 ہو گئی تھی۔