لاہور : ( دنیا نیوز ) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کمرشل پرواز کے ذریعے ابوظہبی سے لاہور پہنچ گئی ہیں۔
مریم نواز پی آئی اے کی پرواز پی کے 264 کے ذریعے ابوظہبی سے لاہور ایئر پورٹ پہنچی ہیں، ڈاکٹر عدنان بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
مسلم لیگ ن کے کارکن بڑی تعداد میں مریم نواز کے استقبال کیلئے لاہور ایئر پورٹ کے اندر اور باہر موجود ہیں۔
مریم نواز نے لاہور پہنچتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ پاک سر زمین شاد باد۔
پاک سر زمین شاد باد
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 28, 2023
لاہور ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ ساڑھے 3 ماہ بعد پاکستان واپس آئی ہوں، 3 سال بعد والد سے ملی اتنا عرصہ کبھی ان سے دور نہیں رہی، 4 ماہ والد کے ساتھ سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے کا موقع ملا، نواز شریف بہت جلد واپس آئیں گے، کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مسلم لیگ ن میں لا کر پارٹی کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں، پارٹی پہاڑ کی طرح ہے جو اس سے گرے گا وہ پتھر سے زیادہ نہیں ہوگا، شاہد خاقان عباسی کی پارٹی سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا،عمران خان اور ان کے حواریوں کے ساتھ جو ہوگا وہ مکافات عمل ہوگا۔
قبل ازیں مریم نواز کی پرواز میڈیکل ایمرجنسی کی بنا پر تاخیر کا شکار ہوئی، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 264 نے امارات کے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا اور سہ پہر 03:05 پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا مگر اسی پرواز میں سوار ایک مسافر محمد ہارون کو دل میں تکلیف کی وجہ سے روانگی روک دی گئی تھی۔
میڈیکل ٹیم نے طیارے میں داخل ہو کر مسافر کا طبی معائنہ کیا اور مزید طبی امداد کے لیے مسافر کو طیارے سے اتار کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بعدازاں پرواز ایک گھنٹے کی تاخیر سے دوپہر 12 بج کر 54 منٹ پر ابوظبی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔
مریم نواز نے طیارے میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کرتے پاکستان کو سابق حکومت نے فل سٹاپ لگایا، موجودہ معاشی مشکلات کی ذمہ دار تحریک انصاف کی حکومت ہے، تباہی کے دہانے پر پہنچے ملک کو گرداب سے نکالنا ہوگا، اپنی ذمہ داریاں پوری طرح نبھانے کی کوشش کروں گی۔