پشاور: ( دنیا نیوز ) خیبرپختونخوا کی نگران حکومت کی جانب سے آج صوبے بھر میں سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔
پیر کے روز پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے مبینہ خودکش دھماکے کے سوگ میں صوبے کی تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
واضح رہے کہ مسجد میں ہونے والے مبینہ خود کش دھماکے میں 101 افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 216 ہو گئی ہے ، شہداء میں شامل متعدد پولیس افسروں اور جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دھماکا خودکش لگتا ہے، حملہ آور کا ہدف پولیس تھی جبکہ سی سی پی او پشاور نے بھی کہا کہ خودکش حملے کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ دھماکا سکیورٹی کی غفلت کے باعث ہوا۔