لاہور : (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کے خلاف حکومتی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں۔
زمان پارک لاہور میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی ، ملاقات میں سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے، ملاقات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی، عمران خان اور پرویز الہٰی نے حکومت کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں، حکومت کی ناک تلے دوبارہ دہشت گردی ملک میں سر اٹھا رہی ہے، حکومت کو امن و امان کی نہیں مخالفین کو کچلنے کی فکر ہے ، حکومت کو انتخاب کی تاریخ دینا پڑے گی ورنہ آئین شکنی کی مرتکب ہوگی، حکومت الیکشن سے نہیں بھاگ سکتی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے کہا حکومت ملکی معیشت کو تباہ کرچکی ہے، امن و امان کی صورتحال بھی تیزی سے خراب ہو رہی ہے، پی ڈی ایم کی حکومت بدترین بوکھلاہٹ کاشکار ہے، پارلیمانی لاجز میں سابق ارکان پارلیمنٹ کے کمروں کے تالے توڑ ے جارہے ہیں، حکومت گرفتاریوں، مقدمات ، چھاپوں کے سائے میں اے پی سی کی دعوت دے رہی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی شوباز یاں بری طرح ایکسپوز ہورہی ہیں، شہبازشریف کے پاس عوامی ریلیف کے لئے تو کچھ نہیں، پی ڈی ایم کی حکومت نااہلی کے بعدانتقامی کارروائیوں میں بھی ورلڈ ریکارڈ بناناچاہتی ہے، صرف اورصرف عمران خان ،تحریک انصاف اوراتحادیوں کو کچلنے کا ایجنڈا سرگرم ہے، حکمرانوں کے مقدمات سے کوئی خوفزدہ نہیں ، انتقام کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، روز انہ کی بنیاد پر سیاسی مخالفین کیخلاف مقد مات درج کیے جارہے ہیں، ہمارے لیگل ایڈوائزر عامر راں کو ہمارے گھر کے باہر سے اٹھا لیا گیا، عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم الیکشن کی تاریخ دینے کو تیار نہیں۔