لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے لیکن حکومت کی توجہ عمران خان کی گرفتاری پر ہے، مریم نواز کی خواہش پر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، زمان پارک میں عمران خان کی اہلیہ موجود ہیں، عمران خان کی رہائش گاہ کا گیٹ توڑا گیا اور دیواریں پھلانگی گئیں، عمران خان کے گھر پر حملہ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ کیس، عمران خان اسلام آباد کی عدالت پیش، وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستوں پر سماعت ہوئی، عمران خان عدالت کے حکم پر آج اسلام آباد پہنچے، شیر گھر سے نکلا تو گیدڑ گھر پر حملہ آور ہو گئے، یہ ایجنڈا کل مریم نواز نے سیٹ کیا تھا جس پر آج عملدرآمد کیا گیا۔
فواد چودھری نے کہا کہ پورا پاکستان اس وقت غزہ اور فلسطین بنا ہوا ہے، زمان پارک آپریشن پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے جس میں آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور کو نامزد کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پولیس اہلکار اسلحہ لے کر گھر میں داخل ہوئے، کیا ریاست اپنے لوگوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے، اسحاق ڈار نے نیشنل سکیورٹی کو داؤ پر لگا دیا ہے، کہتے ہیں لانگ رینج میزائل سسٹم بند کر دیں، یہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں، قوم انہیں معاف نہیں کرے گی۔