ایم کیو ایم سمیت سب پرانے اتحادیوں سے رابطے بحال ہو چکے ہیں، پرویز الہٰی

Published On 02 April,2023 03:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سمیت سب پرانے اتحادیوں سے رابطے بحال ہو چکے ہیں، ایم کیوایم کے اندر یہ سوچ موجود ہے کہ پی ڈی ایم کے ساتھ مزید چلنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

اپنے ایک بیان میں رہنما تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ایم کیوایم کو پی ڈی ایم سے اتحاد کا سیاسی طورپر بہت نقصان ہوا ہے، بلوچستان حکومت اور جی ڈی اے میں بھی حکومت کی آئین اور ملک دشمن پالیسیوں پر سخت تحفظات پائے جاتے ہیں،عمران خان جلد تمام جماعتوں کا اجلاس بلا کر اگلا لائحہ عمل بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف جیسے مفرور مجرم کی سربراہی میں حکومتی اجلاس قوم اور اداروں کے ساتھ سنگین مذاق ہے، نوازشریف تاحیات نااہل اور بھگوڑا ہے، شہباز شریف نے اپنے بھائی کی ضمانت دی ان کے خلاف بھی کیس ہونا چاہیے۔

پرویز الہٰی کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا غیر آئینی مطالبات پر مبنی اعلامیہ سپریم کورٹ کے امور میں کھلی مداخلت ہے، حکومتی اعلامیے میں سپریم کورٹ کے خلاف دھمکی آمیز اور توہین آمیز زبان استعمال کی گئی ہے، پی ڈی ایم کی سیاست آخری ہچکیاں لے رہی ہے، الیکشن رکوانے کیلئے آخری حربہ بھی ان شاء اللہ ناکام ثابت ہو گا۔

Advertisement