پارلیمنٹ عمران خان کو دی گئی سہولت کاری روک دے: مریم نواز

پارلیمنٹ عمران خان کو دی گئی سہولت کاری روک دے: مریم نواز

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کا فیصلہ اس سازش کا آخری وار ہے جس کا آغاز آئین کو re-write کر کے پنجاب حکومت پلیٹ میں رکھ کر بینچ کے لاڈلے عمران خان کو پیش کی گئی کہ لو بیٹا، توڑ دو تاکہ ہم جیسے سہولت کاروں کی موجودگی اور نگرانی میں تمہیں دوبارہ سیلیکٹ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایمرجنسی کا آپشن آئین میں موجود ہے: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 2018 میں جو کام فیض، کھوسہ اور ثاقب نثار نے انجام دیا تھا وہ ذمہ داری اب اس بینچ نے اٹھا لی ہے، اس خوفناک اور ڈھٹائی سے کی گئی سہولت کاری اور ون مین شو کے خلاف سپریم کورٹ کی اکثریت نے بغاوت کر دی ہے، وقت آ گیا ہے کہ پارلیمنٹ عمران خان کو دی گئی سہولت کاری کو اپنے آئینی اور قانونی ہاتھوں سے روک دے۔

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے دنیا نیوز کے اینکر پرسن اجمل جامی کے ٹوئٹ کے جواب میں کہا کہ ہو جائے ڈسکوالیفکیشز! پہلے بھی حق بات کہنے کی پاداش میں ڈسکوالیفکیشز بھگتی ہیں، اب بھی بھگت لیں گے، یاد رہے کہ اقامہ جیسے مذاق پر نواز شریف کی ڈسکوالیفیکیشن آج بھی برقرار ہے، آپ کو شاید کالے ڈبوں میں منہ چھپا کر گھومنے والے بزدلوں کو دیکھنے کی عادت ہو گئی ہے۔