اسلام آباد: (دنیا نیوز) طیبہ گل ہراساں کیس میں انکوائری کمیٹی نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو طلب کر لیا۔
طیبہ گل ہراساں کیس کی انکوائری میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، انکوائری کمیٹی نے عمران خان ، سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال اور سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی طلبی کا حکم نامہ جاری کر دیا۔
طیبہ گل کے الزامات پر لاہور احتساب عدالت نے پنجاب اور اسلام آباد کے آئی جیز کو انکوائری آفیسر مقرر کر رکھا ہے، انکوائری کے احکامات طیبہ گل اور اس کے شوہر فاروق نون کی شکایت پر دئیے گئے۔
انکوائری کمیٹی نے نجی ٹی وی کے پروگرام ہوسٹ کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے، طلبی کے نوٹس میں 11 اپریل کو اسلام آباد پولیس لائنز پیش ہو کر اپنا موقف دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔