سپریم کورٹ کو شہباز کو بھی فارغ کر کے مریم کی خواہش پوری کر دینی چاہیے : فواد چودھری

Published On 17 April,2023 12:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کاکہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو شہباز شریف کو بھی فارغ کر کے مریم نواز کی خواہش پوری کر دینی چاہیے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فوادچودھری نے کہاکہ امید ہے اسٹیٹ بینک آج سپریم کورٹ کے حکم ہر عمل کرے گا اور آئین کے تحت انتخابات کیلئے رقم الیکشن کمیشن کو جاری کر دی جائیگی۔

فواد چودھری نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو اسٹیٹ بینک گورنر توہین عدالت میں فارغ ہوں گے لیکن سپریم کورٹ کو شہباز شریف کو بھی فارغ کر کے مریم نواز کی خواہش پوری کر دینی چاہئے۔

ایک اور ٹویٹ میں رہنما پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جعلی کیسز کی بھرمار میں ایک اور اضافہ علی زیدی پر ہونیوالا کیس ہے، ایک آدمی تھانے میں آیا اس کے بارے میں معلوم ہوا موصوف پرانے اشتہاری ہیں ، اس نے کہا دس سال پہلے علی زیدی نے میرے سے پندرہ کروڑ روپے لئے اور پراپرٹی کے کاغذات دئیے۔

فوادچودھری نے مزید کہا کہ نہ علی زیدی اس شخص کو جانتا ہے نہ وہ شخص علی کو پہچانتا ہے، لیکن اس درخواست پر فوری پرچہ ہوا اور سابق وفاقی وزیر اور کراچی کے ممبر قومی اسمبلی کو دھکے دے کر پابند سلاسل کر دیا گیا۔